• news

شمالی کوریا کی پالیسیاں امریکی سلامتی کے لئے بدستور خطرہ ہیں: ٹرمپ

واشنگٹن(این این آئی)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا اب بھی امریکہ کے لیے ایک غیر معمولی خطرہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری کیے گئے نئے حکم نامے میں کہا گیا کہ جوہری ہتھیاروں کے لیے قابلِ افزودہ مواد میں اضافے کے خطرے کی موجودگی اور شمالی کوریا کی حکومت کے اقدامات اور پالیسیاں امریکہ کی قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور معیشت کے لیے بدستور غیر معمولی خطرہ ہیں۔دریں اثنا امریکی صدر اور شمالی کوریائی لیڈر کے درمیان ملاقات کو دس ایام گزرنے کے باوجود بھی شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کو تلف کرنے کی کوئی کارروائی شروع نہ ہوسکی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اعلیٰ امریکی حکام کا خیال ہے کہ شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے مکمل دستبرداری کیلئے مذاکرات کاروں کے ساتھ معاملات کو طے کرنا ہوگا کہ وہ کونسا راستہ اختیار کرنا چاہتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن