• news

ڈینگی طبی سے زیادہ سماجی مسئلہ، حل کیلئے تمام طبقے جدوجہد کریں: پروفیسر آغا شبیرعلی

لاہور (نیوز رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر آغا شبیر علی نے کہا ہے کہ ڈینگی بخار طبی سے زیادہ ایک سماجی مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے سماج کے تمام طبقوں کو صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کی اپنے حصے کی کوشش کے ساتھ ساتھ شہریوں میں صفائی کے پیغام اور شعور کو عام کرنے کیلئے سنجیدگی سے جدوجہد کرنا ہو گی۔ بالخصوص انسداد ڈینگی پر مامور عملے اور طب سے وابستہ افراد کو آگے بڑھ کراس وبا کی بیخ کنی میں اپنا بنیادی اور پیشہ ورانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں انسداد ڈینگی کیلئے کیے گئے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ بانو سمیت ادارے کے مختلف شعبوں کے سینئرڈاکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر آغا شبیر علی نے سینئر ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ انسداد ڈینگی کیلئے حکومت پنجاب کے طے کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ تمام ذمہ داران سنیئر ڈاکٹرز ادارے میں ڈینگی کے علاج کی ادویات کی وافر مقدارکی موجودگی اور اور طبی آلات کی درستگی کے معاملات اپ ڈیٹ کریں۔ ہسپتال کی انتظامیہ مون سون کی آمد سے قبل عمارت کی چھتوں پر بارشی پانی کیلئے نصب پرنالوں اور زیر زمین سیوریج کے پائپوں کی مکمل صفائی کرائیں۔ پرنسپل نے ہدایت کی کہ ادارے میں ڈینگی کے حوالے سے سٹاف ٹریننگ اور وارڈز میں ان ڈور اینڈ آئوٹ ڈور سرویلنس بھرپور توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے نتیجے میں ڈینگی لاروا کے پیدا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اس صورتحال کے تدارک کیلئے ہسپتال کے احاطے میں واقع ان تمام جگہوں مثلاً پارکنگ، لواحقین کیلئے مخصوص انتظار گاہوں، لیٹرینز، کھلے پلاٹس اور نشیبی گزرگاہوں جہاں پانی کھڑا ہونے کا امکان ہو پر کڑی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن