شیروانی پہننے پر پابندی نہیں، عمران خان وزیراعظم نہیں بن سکتے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ خواب دیکھنے اور شیروانی پہننے پر کوئی پابندی عائد نہیں کر سکتا لیکن عمران خان کم از کم آئندہ سو برس تک وزیراعظم نہیں بن سکتے اپنے ساتھ اوروں کو بھی لے ڈوبیں گے، پی ٹی آئی کو باجماعت شکست ہو گی۔ گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن کے پارٹی سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں سے گفتگو کرتے حمزہ شہباز کا کہنا تھا سڑکیں ماپنے اور در در کی ٹھوکریں کھانے والوں کی اقتدار میں آنے کی خواہش اب بھی پوری نہیں ہو سکے گی۔ عوام احتجاجی سیاست کرنے والوں کو ووٹ کی طاقت سے بری طرح مسترد کر دیں گے۔ عمران خان 5 حلقوں میں قسمت آزمائی کررہے ہیں لیکن انہیں کسی شہر کے عوام بھی پذیرائی نہیں دیں گے۔ وہ 25 جولائی کو شیر کو پہلے سے بھی زیادہ ووٹوں کے ساتھ بھاری مینڈیٹ دیں گے تاکہ ادھورے منصوبے مکمل ہو سکیں اور ملک میں ترقی، خوشحالی کے سفر کو جاری رکھا جا سکے۔ حمزہ شہباز نے کہا پیپلزپارٹی کی طرح پی ٹی آئی بھی جلد قصہ پارینہ بن جائے گی۔ حمزہ شہباز نے شازیہ سہیل میر کو گوجرانوالہ کے قومی، صوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں میں انتخابی مہم چلانے اور پارٹی امیداروں کو کامیاب کرانے کا ٹاسک دے دیا۔ حمزہ شہباز سے مختلف اضلاع کے مسلم لیگ ن کے قومی، صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی بڑی تعداد نے ملاقات کی اور اپنے اپنے اضلاع کے حوالے سے پارٹی و سیاسی امور پر گفتگو کی اور حمزہ شہباز کو اپنے اپنے حلقوں میں دورے کی دعوت دی۔
حمزہ شہباز