• news

;الیکشن یا سیاست کا نہیں سوچ رہی، صرف والدہ سامنے ہیں: مریم نواز

لندن (عارف چودھری+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے کہا ہے کہ انفیکشن کی وجہ سے والدہ کی صحت میں بہتری کا عمل رک گیا جس کی وجہ سے انہیں ابھی تک ہوش نہیں آیا۔ ہماری پہلی ترجیح والدہ کی صحت ہے، ابھی سیاست کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔ میری پھر قوم سے اپیل ہے کہ بیگم کلثوم کی صحت یابی کیلئے دعا کریں۔ زندگی میں کچھ وقت ایسا آتا ہے جب رشتے ہر چیز پر مقدم ہو جاتے ہیں۔ میں اس وقت الیکشن کا سوچ رہی ہوں نہ سیاست کے بارے میں‘ اس وقت میرے سامنے صرف والدہ ہیں اللہ انہیں صحت دے۔ جیسے ہی والدہ خطرے سے باہر آتی ہیں میں اور میاں صاحب پاکستان واپس جائیں گے۔صباح نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انفیکشن کی وجہ سے کلثوم نواز کی حالت بہتر نہیں ہو رہی انہوں نے کہا کہ انفیکشن کی وجہ سے بیگم کلثوم کی طبیعت بہتری کی بجائے کچھ پیچھے کی جانب گئی ہے ڈاکٹرز پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن سب کچھ اللہ کے ہاتھ میں ہے اللہ تعالیٰ چاہے تو سب کچھ ایک سیکنڈ میں ٹھیک کر سکتا ہے انہوں نے کہا دعا ہے اللہ تعالیٰ کلثوم نواز سمیت دنیا میں جتنے بھی بیمار ہیں سب کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

مریم نواز

ای پیپر-دی نیشن