• news

کفایت شعاری : وزیراعلی آفس میں تعینات 264 افسر‘ عملہ محکموں کو واپس

لاہور (خصوصی رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس میں کفایت شعاری کی پالیسی پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت وزیراعلیٰ آفس میں تعینات 151افسروں اور عملے کو متعلقہ محکموں میں واپس بھیج دیا گیا جبکہ مختلف محکموں سے لون بیسز پر آئے ہوئے 113 افسروں اور عملے کی خدمات بھی متعلقہ محکموں کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ ترجمان وزیراعلی آفس نے کہاکہ وزیراعلی آفس میں تعینات مجموعی طو رپر 264افسروں اور عملے کی خدمات متعلقہ محکموں کے سپر د کی گئی ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا نگران حکومت کی سرکاری امور کی انجام دہی کے لئے ضروریات کو مدنظر رکھ کر وزیراعلی آفس میں صرف ضروری افسروں اور عملے کو رکھا گیا ہے۔ مزید برآںنگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرحسن عسکری نے کہا ہے منصفانہ ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کا پرامن انعقاد اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں صوبائی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، الیکشن کمشن کی طرف سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بناتے ہوئے انتخابی عمل کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔ نگران حکومت اپنی غیر جانبداری برقرار رکھتے ہوئے قانون کی مکمل عملداری کے لئے پرعزم اور پراعتماد ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ آزادانہ ماحول میں انتخابی عمل میں حصہ لے سکیں اور رائے دہندگان کو اپنے امیدواروں کے چناﺅ کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن ماحول فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرکے حکومتی اداروںکے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا۔ پولنگ کے دوران امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔
نگران وزیراعلی

ای پیپر-دی نیشن