• news

عوامی طاقت سے الیکشن لڑینگے‘ زرداری : مخالفین بڑی شکست کیلئے تیار ہو جائیں : بلاول

لاہور/ کراچی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی نے منڈی بہاءالدین سے تحریک انصاف کی 3 وکٹیں گرا دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق این اے 86 سے فخر عمر لالیکا کے بعد صوبائی اسمبلی کے امیدوار پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ خیال رہے فخر لالیکا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے آصف زرداری سے ملاقات میں باضابطہ پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنماﺅں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں پی پی 67 سے فیصل گوندل اور پی پی 68 کے ناصر تارڑ شامل ہیں۔ آصف زرداری سے ملاقات میں پی پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور بھی موجود تھے جنہوں نے کہا فیصل گوندل نے پی ٹی آئی کا ٹکٹ ٹھکرا کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پی ٹی آئی رہنماﺅں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے کہا عوام کو جب بھی آزادانہ اظہار رائے کا اختیار ملا تو پی پی کے حق میں فیصلہ دیا۔ تاریخ اور عوام کے فیصلے کبھی غلط نہیں ہوتے۔ تاریخ نے بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو ہیرو قرار دیا۔ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے الیکشن لڑے گی۔ تیر پر ٹھپہ لگنے والا ہر ووٹ بلاول بھٹو کا ہوگا۔ آئی این پی کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی مہم کامیابی سے چلانے کے لئے حکمت عملی واضح کر تے ہوئے کہا ہے خیبر سے کراچی تک الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے ،2018کے انتخابا ت میں تیر پر تیر چلے گا،مخالفین بڑی شکست کے لئے تیار ہو جائیں۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے الیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ انتخابی مہم کامیابی سے چلانے کے لئے حکمت عملی واضح کرتے ہوئے ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ عام انتخابات کے لئے چاروں صوبوں میں عوامی رابطے اورجلسے کئے جائیں گے جبکہ جلسوں سے بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا بلاول بھٹو کی جانب سے ناراض کارکنوں کومنانے کے لئے سینئر رہنماوں کی ذمہ داری لگا دی گئی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری جولائی کے ابتداءمیں پارٹی منشور جاری کریں گے۔ بلاول بھٹو انتخابی مہم کا آغاز سندھ سے کرنے کے بعد تمام صوبوں میں جلسے کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی پنجاب میں ڈویژن کی سطح پر جلسے کریں گے۔ بلاول بھٹو خیبر پی کے اور بلوچستان میں بھی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ صوبائی تنظیموں نے شہروں اور تاریخوں کی تفصیل چیئرمین سیکرٹریٹ کوارسال کردی۔ بلاول بھٹو کی منظوری کے بعد جلسوں کی تاریخوں اور شہروں کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔
زرداری/ بلاول

ای پیپر-دی نیشن