دورہ زمبابوے، قومی سکواڈ کے تمام کھلاڑیوں نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ زمبابوے کے لیے اعلان کردہ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈ کے تمام کھلاڑیوں نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے۔ دورہ انگلینڈ میں انجری مسائل سے دور چار ہونے والے بابر اعظم نے بھی ٹیسٹ پاس کر لیا، زمبابوے کے خلاف ون ڈے سکواڈ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرینگے۔ ذرائع کے مطابق دورہ زمبابوے کیلیے منتخب تمام کرکٹرز فٹنس کیلیے یو یو ٹیسٹ کے مقررہ کردہ معیار 17.4 پوائنٹس پر پورے اترے۔ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، حارث سہیل، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی جبکہ ون ڈے سیریز کیلئے پلیئرز میں امام الحق، بابر اعظم، جنید خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی ٹی ٹونٹی ٹرائی سیریز یکم جولائی سے 8 جولائی تک کھیلی جائے گی جس کے بعد قومی ٹیم 13جولائی سے زمبابوے کے خلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی۔