• news

جنوبی پنجاب صوبے کا قیام، خارجہ، داخلہ پالیسیاں تبدیل، بلاول کل انتخابی منشور کا اعلان کرینگے

کراچی، لاہور (سٹاف رپورٹر+خبرنگار) عام انتخابات کے لیے پیپلزپارٹی کا دسواں انتخابی منشور تیار کرلیا گیا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کل بروز جمعرات انتخابی منشور کا اعلان کریں گے۔ پیپلزپارٹی کا یہ دسواں اور بلاول بھٹو زرداری کا پہلا منشور ہوگا، پیپلزپارٹی کا پہلا منشور 1970ء کے انتخابات میں جاری کیا گیا، نئے منشورکی تیاری میں بلاول بھٹو نے خصوصی دلچسپی لی اور اہم امور منشور میں شامل کرانے کی نگرانی بھی کی۔ معتبر ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے انتخابی منشور میں زراعت، توانائی، صنعتی ترقی،آبی ذخائرکی تعمیر، روزگارکی فراہمی اورخواتین کی ترقی اولین ترجیح ہونگے جبکہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے واضح حکمت عملی بھی انتخابی وعدوں کا حصہ ہوگی۔ علاوہ ازیں خارجہ، داخلہ پالیسی میں اہم تبدیلوں کے ساتھ اسے بہتر بنانا بھی پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور کے اہم نکات میں شامل ہوگا،منشور میں تعلیم و صحت کے شعبے میں انقلابی اصلاحات، بیروزگاری کا خاتمہ اولین ترجیحات ہونگی جبکہ روزگارکی فراہمی کے لیے سرکاری اورنجی شعبے پربھی فوکس کیا جائے گا۔ نظام عدل میں اصلاحات، احتساب کے نظام کو شفاف بنانا بھی انتخابی منشور کا حصہ ہوگا،بین الصوبائی ہم آہنگی، جنوبی پنجاب صوبے کا قیام بھی پی پی کا انتخابی وعدہ ہوگا اسی طرح مالی وسائل کی مساوی تقسیم، قدرتی وسائل پر اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کا حق یقینی بنانا بھی منشور کا حصہ ہوگا،منشور میں چھوٹے صوبوں کی محرومیاں ختم کرنا اور دیہی آبادی کو شہروں کے برابر لانے کا بھی پروگرام اورمنصوبہ شامل ہوگا،بلوچستان کی محرومی ختم کرنے کیلئے سیاسی اور بڑے انتظامی و مالی اقدامات اٹھانے فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنا بھی انتخابی وعدہ اورمنشورکا حصہ ہوگا۔ نوجوانوں کو فیصلہ سازی اور اہم امور میں شامل کرنا خواتین اور غیرمسلم آبادیوں اور کمزور طبقات کے حقوق کی حفاظت بھی منشورکا حصہ ہوگی، محنت کشوں کے حقوق کو یقینی بنانا اور صنعتی شعبے میں اصلاحات بھی پی پی پی منشور کا حصہ ہوگا۔ بلاول بھٹو کی ہدایت پرخطے کے ممالک کے ساتھ بہتر، پرامن اور برابری کی بنیاد پر تعلقات پرمبنی پالیسی بھی انتخابی منشور میں شامل ہوگی زرعی ٹیوب ویلز کو بجلی مفت، کھاد، زرعی ادویات، بیج اور دیگر اشیا کیلئے کسان کارڈ کا اجرا ہوگا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں انقلابی اصلاحات کا وعدہ بھی پی پی منشور میں شامل ہوگا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا منشور، بینظیر کے ارادوں کا عکس ہوگا اورپیپلزپارٹی اپنے منشورکوعملی جامہ پہنانے سے دریغ نہیں کرے گی اورمنشورمیں عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرکے دکھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن