• news

انتخابات کا بروقت انعقاد خوش آئند ہے‘ جیت مسلم لیگ (ن) کی ہو گی: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ بعض عناصر ابھی تک ملک میں بے یقینی کی فضا قائم کرنے کیلئے الیکشن کے التوا کے درپے ہیں لیکن الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے عام انتخابات کے بروقت انعقاد کا فیصلہ خوش آئند ہے جس کے ملک کے مستقبل پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔ انشاء اللہ عوام 25 جولائی کو شیر کے حق میں فیصلہ دینگے، جیت مسلم لیگ (ن) کی ہی ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کے ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے حمزہ شہباز نے کہا کہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کرتے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے پارٹی منشور کے ساتھ عوام سے رجوع کرنا چاہئے‘ مسلم لیگ (ن) کے وفاق اور پنجاب میں 5 برسوں کے اہم منصوبے اور عوامی و فلاحی اقدامات تاریخ ہیں جن کو مخالفین بھی جھٹلا نہیں سکتے۔ کیا عمران خان پشاور اور خیبر پی کی کارکردگی پرفخر کر سکتے ہیں؟ جنہوں نے 5 برسوں میں پشاور کی اکھاڑ پچھاڑ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز نے پشاور میں پاک فضائیہ کے دو پائلٹوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور دلی افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن