• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں سخت گرمی کے بعد بارش ‘بجلی کا نظام درہم برہم

لاہور ، لاڑکانہ (سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دن بھر سخت گرمی پڑنے کے ساتھ شام کے اوقات میں چھانے والے بادلوں کے بعد ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ گرمی سے ستائے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم بالائی پنجاب ،مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، کراچی، ژوب، قلات ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم بعض مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ دریں اثنا لاہور میں بارش کے مختلف گھروں کی چھتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔ سبزہ زار میں مکان کی چھت گرنے سے 2 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ بچے کی دادی اور دادا شدید زخمی ہوگئے۔ ماڈل ٹائون لنک روڈ کے قریب گھر کی چھت گرنے سے 6 سالہ عفیفہ جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت انتہائی نازک ہے۔ 4 افراد ملبے تلے دب گئے۔ دوسری طرف آندھی اور بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا جس سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا اور رات گئے تک کئی علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی۔ دریں اثنا سندھ کے شہروں لاڑکانہ، کنڈیارو، سکھر میں مٹی کا طوفان آیا اور بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق آندھی کے باعث دیواریں اور مکانات کی چھتیں، درخت، سائن بورڈ گر گئے۔ ایک گھر کی چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر واقعات میں 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن