بچوں کی فٹبال ٹیم ‘کوچ کے زندہ ہونے کی امید ہے : تھائی ڈپٹی وزیر اعظم
لاہور(سپورٹس ڈیسک)تھائی لینڈ کے ڈپٹی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ غار میں لاپتہ ہونیوالی بچوں کی فٹبال ٹیم اور کوچ کی تلاش جاری ہے ۔ امید ہے کہ تمام ابھی زندہ ہیں ۔ غار میں ان کو خورا ک نہیں مل رہی تاہم پانی تو دستیاب ہے ۔ نیوی کے غوط خور تمام بچوں اور کوچ کو تلاش کر رہے ہیں ۔بچوں کی عمر گیارہ سے سولہ کے درمیان جبکہ کوچ کی عمر پچیس سال ہے ۔ نیوی کے غوطہ خوروں نے گزشتہ روز بھی تلاش جاری رکھی ۔ انہیں غار میں قدموں کے نئے سات نشانا ت ملے ہیں ۔ ہمیں ابھی امید ہے کہ سب زندہ ہیں ۔ڈپٹی وزیراعظم پراویٹ وانگ سو ون نے مزید کہا کہ اگرچہ ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں لیکن غار کے اندر پینے کو پانی کو دستیاب ہے ۔ سرنگ کی لمبائی چھ کلومیٹر ہے جو سیاحوں کیلئے پر لطف مقام ہے ۔ بچوں کے مایوس لواحقین اور رشتہ داروں نے غار کے باہر ڈال لئے ہیں اوربچوں کی زندگی کیلئے دعائیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ یہ سرنگ میانمر کی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ والدین نے روتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں اپنے بچوں کو پانے کیلئے موجود ہیں ۔ نیوی کے غوطہ خور غار کی گہرائی تک جانے کا پروگرام بنا رہے ہیں لیکن مٹی اور دیگر مسائل آڑے آ رہے ہیں ۔ پانی کی سطح کم ہونے کا بھی انتظار کیا جارہاہے ۔غار کے باہر درجنوں وولنٹیرز بھی پہنچ گئے ہیں جو امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں گے ۔ مقامی اخبار کے مطابق غار تک پہنچنے کیلئے ایک ند ی کو بھی پار کرنا ہوگا‘اگر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تو وہاں تک رسائی مشکل ہو جائیگی ۔ سیلاب کے دوران غار میں پانی کی سطح پانچ میٹر تک بلندہو جاتی ہے ۔