• news

قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ جاری، دورہ زمبابوے میں فیلڈنگ کوچ نہ بھیجنے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) دورہ زمبابوے کیلئے پاکستان ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈ کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور دیگر کوچز کی زیر نگرانی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے شعبہ میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ نوجوان سپن باؤلر شاداب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی ہرگز فکر نہیں ہے کہ یاسر شاہ کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، اچھی کارکردگی سے ٹیم میں مستقل جگہ برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔ دورہ سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس کے بارے میں آگاہی ہوتی ہے۔ زمبابوے میں منعقد ہونے والی تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کی بھرپور تیاری جاری ہے۔ شاداب خان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی پاکستان کے لیے کھیلوں بہتر پرفارمنس دوں۔آئی سی سی ٹی ٹونٹی میں نمبر ون کھلاڑی راشد خان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت بہترین کھلاڑی ہیں، میں کوشش کر رہا ہوں کہ بہترین پرفارم کروں۔ یاسر شاہ کی ٹیم میں واپسی کا مجھ پر کوئی پریشر نہیں ہے، میری دعا ہے کہ یاسر شاہ بھی بہترین پرفارمنس دیں۔ پچھلے دنوں ہونے والے دورہ سکاٹ لینڈ اور انگلینڈ سے بہت فائدہ ہوا، ٹیم مینجمنٹ مجھے جس طرح استعمال کرے گی میں اس پر خوش ہونگا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آل راؤنڈر سلیکٹ ہوا تھا اور کوشش ہے بیٹنگ میں اچھا کھیلوں۔ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچز کافی کھیل چکا ہوں امید ہے کہ دورہ زمبابوے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ زمبابوے میں فیلڈنگ کوچ کیساتھ نہیں ہو گی۔ دورہ مختصر ہونے کی وجہ سے موجودہ کوچز سے ہی کام چلایا جائیگا جبکہ نئے کوچ کا تقرربعد میں کیا جائیگا۔ پی سی بی دورہ زمبابوے میں کھیلی جانے والی ٹرائی ٹی 20 سیریز اور ون ڈے سیریز میں فیلڈنگ کوچ کی اضافی ذمہ داری گرانٹ لوڈن کو سونپنے پر غور کررہا ہے، وہ اس سے پہلے بھی فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن