• news

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم کیخلاف آواز بلند کرے: آزادکشمیر کابینہ  

مظفرآباد (صباح نیوز) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس اقوام متحدہ کے ادارے برائے انسانی حقوق کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے اور حقائق کی چھان بین کرنے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بنانے کی سفارش کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے اور اسے مسئلہ کشمیر پر اہم پیشرفت قرار دیتا ہے۔ اجلاس یہ سمجھتا ہے کہ اس سے یہ بات عیاں ہوئی ہے کہ کشمیر عالمی ایجنڈے پر موجود ہے جس سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کو تقویت ملی ہے۔ اجلاس یورپی پارلیمنٹ کی ارکان جولی وارڈ اور ایلیکس مئیر کی جانب سے بھارتی فوج کے مظالم اجاگر کرنے اور اقوام عالم کی توجہ کشمیریوں کی حالت زارکی جانب دلوانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دیگر عالمی اداروں اور شخصیات سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کی راہ ہموار ہو سکے۔ اجلاس مقبوضہ کشمیر کے بڑے میڈیا گروپ کے چیف ایڈیٹر شجاعت بخاری کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی  ایجنسیوں  کی جانب سے کشمیریوں کی ایک توانا آواز خاموش کر دینے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔مقبوضہ اور آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری شجاعت بخاری کے سوگ میں انتہائی رنجیدہ رہے۔جہاں مقبوضہ کشمیر کے اخبارات نے ادارئیے خالی چھوڑ کر انوکھا احتجاج ریکارڈ کرایا وہی آزادکشمیر کے اہل قلم نے بھارتی سفارتخانے کے سامنے شدید احتجاج کیا۔وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے تمام سیاسی قیادت کے ہمراہ عید کے دن احتجاج کیا۔اجلاس اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شجاعت بخاری کے قتل کی تحقیقات کیلیے ایک آزادانہ کمیشن تشکیل دے تاکہ بھارت کو آئندہ ایسے واقعات سے روکا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن