• news

پاکستان افغانستان میں ٹریک ٹو سفارتکاری کا اہم دور آج اسلام آباد میں ہو گا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹریک ٹو سفارتکاری کے سلسلہ کا ایک اہم دور آج بدھ کے روز یہاں ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہو رہا ہے۔ مشیر قومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ اور پاکستان میں متعین افغان سفیر عمر زخیلوال بھی اس دور میں شریک ہوں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اس وقت کم از کم چار سطحوں پر بات چیت کا سلسلہ چل رہا ہے۔ دو طرفہ سفارتکاری کے تحت دونوں ملکوں کے سول اور فوجی حکام باہم ملاقاتیں کرتے ہیں۔ کثیرالقومی فورمز پر شنگھائی تعاون تنظیم اور پاک چین افغان سہ فریقی میکنزم موجود ہے جب کہ پاکستان ، امریکہ ، چین اور افغانستان کا فورم سردست فعال نہیں ہے۔ ان تمام کاوشوں کا مقصد افغانوں کی زیر سرکردگی، اس جنگ زدہ ملک میں امن قائم کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن