پنجاب میں تعینات اعلی افسر سرکاری رہائش گاہوں کے حصول کیلئے پریشان
لاہور (سپیشل رپورٹر)پنجاب میں تعینات ہونے والے اعلیٰ افسران سرکاری رہائش گاہوں کے حصول کے لئے خوار ہونے لگے۔ افسران پنجاب سول آفیسرز میس اور سرکاری ریسٹ ہاوسز میں کمروں کی الاٹمنٹ کے لئے تگڑی سفارشیں ڈھونڈنے اور اثرورسوخ کا بھرپور استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نگران حکومت کے قیام کے بعد وفاق و دیگر صوبوں سے پنجاب میں تعینات ہونے والے افسران کو لاہور میں سرکاری رہائش گاہوں اور ریسٹ ہاوسز میں کمروں کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔ پنجاب سول آفیسرز میس و دیگر سرکاری ریسٹ ہاوسز میں کمرے ناپید ہو گئے ہیں اور کمروں کے حصول کے لئے افسران تگڑی سفارشیں ڈھونڈ رہے ہیں۔ اس صورتحال میں پنجاب سول آفیسرز میس و دیگر ریسٹ ہاوسز کی انتظامیہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔ پنجاب میں تعینات ہونے والے افسران کی اکثریت اعلیٰ افسران پر مشتمل ہے اور وہ کمروں کی الاٹمنٹ کے لئے اپنے اثر و رسوخ کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کسی بھی سرکاری ریسٹ ہاوس یا پنجاب سول آفیسرز میس (PCOM) میں کمرے دستیاب نہیں ہیں۔