پھولنگر: تھانہ سٹی کی حوالات میں بند ملزم پراسرار طور پر جا ں بحق
پھول نگر+ قصور (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) تھانہ سٹی پولیس کی حوالات میں بند چوری کا ملزم پراسرار طور پر جاں بحق ہوگیا، ورثاء کے مطابق ملزم کو پولیس نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس کے مطابق ملزم دل کا دورہ پڑنے سے جا ں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم محسن رضا ولد محمد صادق قریشی سکنہ لاہور کی بیوی شمائلہ کا پیرنی بن کر پچھلے چار سال سے محلہ اسلام پورہ پھول نگر کے فلک شیر ولد محمد شفیع بھٹی کے گھر آنا جانا تھا گزشتہ روز محسن رضا اس کی بیوی میرے گھر آئے رات کو بضد ہوئے کہ ہم نے آپکے کمرے میں ہی سونا ہے چونکہ گھر میں میری بیٹی کے جہیز کا سامان رات کو محسن رضا اور بیوی ہمارے کمرے میں سوگئے صبح کو جب ہم اٹھے تو ٹرنک میں پڑا جہیز کا سامان دس تولے کے طلائی زیورات اور دوسری اشیاء چوری کرکے لے گئے جس پر فلک شیر نے تھانہ سٹی پھول نگر میں محسن اور اس کی پیرنی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا جس پر مقامی پولیس محسن کو گرفتار کرکے حوالات بند کردیا تاہم مرحوم دوپہر کو اچانک دل کا دورہ پڑنے سے بے ہوش ہو گیا جسے اٹھا کر سول ہسپتال لے جایا جارہا تھا کہ اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا، محسن رضا کے ورثا کے مطابق محسن کو سب انسپکٹر مولوی اشرف اور اے ایس آئی عباس نے حوالات سے باہر نکال کر وحشیانہ تشدد کیا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او قصور منتظر مہدی اور ڈی ایس پی پتوکی علی اختر انصاری موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔