ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت مزید 4 پیسے کم، 121.54 روپے کا ہو گیا
لاہور(کامرس رپورٹر) ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر انٹر بینک مارکیٹ میں چار پیسے کم ہو گئی ۔ پونڈ اور یورو بھی تھوڑے مہنگے ہو گئے تاہم اوپن مارکیٹ میں روپیہ مستحکم رہا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں چار پیسے کی کمی ہوئی کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 121 روپے 54 پیسے رہی ۔ برطانوی پونڈ کی قیمت 12 پیسے کے اضافے سے 160 روپے 98 پیسے اور یورو کی 13 پیسے کے اضافے سے 141 روپے 80 پیسے ہو گئی جبکہ جاپانی ین ایک پیسے کی کمی سے ایک روپے 10 پیسے اور چینی یوآن سات پیسے کی کمی سے 18 روپے 51 پیسے کا ہو گیا۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 124 روپے 50 پیسے پر مستحکم رہی پونڈ اور یورو کی قیمت میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور برطانوی پونڈ 165 روپے اور یورو 145 روپے میں فروخت ہوا۔