قبرستان میانی صاحب میں آپریشن، 271 غیر قانونی احاطے مسمار
لاہور (خبر نگار) ضلعی انتظامیہ لاہور نے چھٹے روز بھی قبرستان میانی صاحب میں غیر قانونی احاطوں کو بھاری مشینری کے ساتھ مسمار کیا۔ آپریشن کے دوران اب تک میانی صاحب قبرستان میں 271 احاطوں کو مسمار کردیا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوارالحق نے کہا ہے کہ اے سی سٹی عبداللہ خرم نیازی میانی صاحب قبرستان میں آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور نے بتایا کہ اب تک 60فیصد آپریشن مکمل کیا جا چکا ہے۔ مسمار کئے گئے احاطوں کے ملبہ کوآپریشن کے ساتھ ہی اٹھایا جارہا ہے اور سپیشل ٹیمیں ملبہ کو قبرستان سے ہٹا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوارالحق نے شالیمار ٹائون کے علاقہ عاطف چوک کا اچانک دورہ کیا اور انسداد ڈینگی پر مامور ٹیموں کی ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس کو چیک کیا۔ اس موقع پرسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہناز اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی سی لاہور نے اے آر ایس سپرے کے حوالے سے عاطف چوک کے پانچ گھروں میں جا کر دریافت کیا اور انسداد ڈینگی کی جانب سے حفاظتی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں لوگوں سے پوچھا۔ انہوں نے عاطف چوک میں گندگی اور کوڑا کرکٹ پر بھی ایل ڈبلیو ایم سی کے حکام سے رابطہ کیا اور ان کو ہدایت کی کہ فوری طور پر صفائی ستھرائی کی جائے۔