• news

شہبازشریف کی ہدایت‘ وفد کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات‘ لیگی امیدواروں کی گرفتاریوں پر تحفظات

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطح اجلاس گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں ہوا جس میں راجہ ظفر الحق، مشاہد حسین سید، احسن اقبال، زاہد حامد، رانا ثناءاللہ خان، مریم اورنگزیب، میاں حمزہ شہباز و دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن شیڈول آنے کے بعد نیب کی مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی گرفتاریوں سے پیداشدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ راجہ ظفر الحق، مشاہد حسین سید، احسن اقبال اور زاہد حامد پر مشتمل چار رکنی وفداسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے لئے روانہ ہو گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے وفد نے اپنے تحفظات چیف الیکشن کمشنر کو پیش کئے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے یقین دہانی کروائی کہ الیکشن کے لئے سب پارٹیوں کو یکساں میدان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف اور مشاہد حسین سید کراچی کا دو روزہ دورہ مکمل کرکے منگل کی شب لاہور پہنچے تھے۔
اجلاس/ قمر الاسلام

ای پیپر-دی نیشن