25 جولائی کو لاہور سے تمام سیٹیں شیر کی، رونے دھونے والے مایوس ہونگے: حمزہ شہباز
لاہور (پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ25جولائی کا دن عوامی خدمت کے اعتراف اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کے عزم کی تجدید نو کا دن ہوگا، انشاءاللہ لاہور شہر کی قومی و صوبائی اسمبلی کی تمام نشستیں شیر کے حصے میں آئیں گی اور رونے دھونے کی سیاست کرنے والوں کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حمزہ شہباز نے اپنے آبائی حلقے این اے 124 اور پی پی 146کے مرکزی انتخابی دفتر کا افتتاح کے بعد کارکنوں سے خطاب میںکہا کہ عمران خان تین مرتبہ کی کوشش کے باوجو د اندرون شہر لاہور کا دورہ کرنے میںکامیاب نہیں ہوئے انہیں زندہ دلان لاہور نے ہمیشہ بری طرح مسترد کردیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) 2013کی طرح 2018ءکے انتخابات میں بھی ووٹرز کیلئے بہترین ”آپشن“ ثابت ہوگا اور ہم دوبارہ بھاری مینڈیٹ حاصل کرکے ملک و قوم کیلئے ترقی و خوشحالی کی کئی راہیںکھولیں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے سے لیکر موٹروے دینے اور اقتصادی راہداری سے لے کر توانائی بحران کے خاتمے تک کی عظیم کامیابیاں جاری رہیں گی اور منفی پراپیگنڈا کرنے والے اپنی سیاسی موت مارے جائیں گے، میٹر و بس، اورینج لائن ٹرین، لیپ ٹاپ سکیم اور لاہور شہر کی ترقی کے مخالفین کو عوام کبھی ووت نہیں دینگے۔ انہوں نے کہاکہ این اے 124اور پی پی 146میں مسلم لیگ(ن) ماضی سے زیادہ اکثریت حاصل کریگی اور سارے ملک سے جیتیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کا قصور یہ ہے کہ وہ بے قصور ہیں۔ اس موقع پر حمزہ شہباز نے بھاٹی چوک میں این اے 124اور پی پی 146کے مرکزی انتخابی دفتر کا افتتاح کیا پارٹی کارکنوں کے بھرپور نعروں کا جواب دیا۔
حمزہ شہباز