کشمیر اٹوٹ انگ ہے : بھارت انسانی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں : پاکستان
نیویارک( آن لائن ) اقوام متحدہ میں پاکستان اور بھارت مندوب کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔ بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان گمراہ کن بیان بازی سے اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتا ، جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے جبکہ پاکستانی مندوب نے کہا کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں ہورہی ہیں جبکہ بھارت عالمی اصولوں کے حوالے سے سرد مہری اختیار نہیں کرسکتا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق پر ایک مباحثے کے دوران پاکستان بھارت مندوبین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ انسانی حقوق پر بحث کے دوران بھارتی مندوب سندیب کمار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی طرف سے کشمیر پر دیئے گئے بیانات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ سندیپ کمار نے کہا پاکستان نے جموں وکشمیر کے حالات سے متعلق اقوام متحدہ میں جو بیان دیا وہ بے بنیاد اور حقیقت سے بعید ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی طرف سے اس طرح کے بیانات حقائق تبدیل نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا جموں وکشمیر میں انفرادی و اجتماعی ہلاکتوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بڑے پیمانے پر آنکھوں کی بینائی سے محروم کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کشمیری عوام غیر قانونی اور جبری قبضے سے دو چار ہیں اورایسے میں ان پر ناقابل بیان مظالم ڈھائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا بھارت جموں وکشمیر میں اپنی فوج اور فورسز کے ہاتھوں سنگین نوعیت کی پامالیوں اور خلاف ورزیوں سے عالمی قوانین کی بیخ کنی کا ارتکاب کرتا رہا ہے ۔
مندوبین‘ جھڑپ