رات بھر بارش‘ قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ متاثر‘ رات گئے زمبابوے روانگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ زمابوے کی تیاری کے لیے پاکستان ٹی ٹونٹی اور ون ڈے ٹیموں کا لاہور میں مختصر تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہو گیا، قومی ٹیم بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لاہور سے ہرارے کے لیے روانہ ہو گئی۔ تربیتی کیمپ کے تیسرے روز بارش سے متاثرہ گراونڈ میں پریکٹس سیشن منعقد نہ ہو سکا۔ زمبابوے روانہ ہونے والے ٹی ٹونٹی سکواڈ مےں شامل کھلاڑےوں مےں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، حارث سہیل، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز یکم سے 8 جولائی تک کھیلی جائے گی جہاں ٹیم یکم جولائی سے شروع ہونیوالی تین ملکی سیریز سے قبل دو روز تک ہرارے سپورٹس کلب میں پریکٹس کریگی۔ جبکہ زمبابوے کیخلاف پانچ ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز سہ ملکی سےرےز کے اختتام پر 13,16,18,20اور 22جولائی کو کوئینز سپورٹس کلب بلاویو میںکھیلے جائیں گے۔