اثاثہ جات ریفرنس: دو گواہوںکے بیانات قلمبند‘ جرح مکمل‘ مزید5 طلب
اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ضمنی ریفرنس میں استغاثہ کے دو گواہان کے بیان قلمبند اورجرح مکمل کرلی گئی ہے،احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پراستغاثہ کے مزید پانچ گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت4 جولائی تک ملتوی کردی ۔بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔ضمنی ریفرنس کے شریک ملزمان صدر نیشنل بینک سعید احمد اور ہجویری ٹرسٹ کے ڈائریکٹرزمنصور رضا اورنعیم محمود عدالت میں پیش ہوئے۔ استغاثہ کے دو گواہان اشتیاق علی اورغزالی عزیز کے بیان قلمبند کئے گئے۔شریک ملزمان کے وکیل قاضی مصباح نے استغاثہ کے گواہان پر جرح مکمل کی۔دوران سماعت فاضل جج نے وکیل صفائی سے پوچھا کہ کیا اسحاق ڈار کو واپس لانے کے لئے انٹرپول کے ذریعے کارروائی کی جارہی ہے، جس پر وکیل قاضی مصباح نے جواب دیا کہ نیب جو مرضی کر لے ہم کون ساان کو نوٹس جاری کر سکتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے استغاثہ کے مزید پانچ گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت چار جولائی تک ملتوی کردی ۔