ٹیکنیکل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے: حسن عسکری
لاہور (پ ر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نوجوانو ں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سے معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا جا سکتاہے۔ پنجاب میں ٹیکنیکل اور انجینئرنگ کے معیاری اداروں کا قیام ناگزیر ہے اور اس ضمن میںجرمن تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعلیٰ آفس میں جرمنی کے سفیرمارٹن کابلر (Mr.Martin Kobler)سے ملاقات کے دوران نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے باہمی دلچسپی کے اموراوردوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جرمن سفیر مارٹن کابلر نے ڈاکٹر حسن عسکری کو نگران وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یورپی مارکیٹ میں پاکستان کی رسائی بہتر بنانے میں جرمنی کا کردار قابل تحسین ہے، پاکستان میں بہت سی جرمن کمپنیاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں تاہم جرمنی او رپاکستان کے درمیان تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پنجاب سمیت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ اوربہترین مقام ہے۔ انہوں نے کہاکہپاکستان کی 60فیصد آبادی پر مشتمل نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سے معاشی خود مختاری کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے -نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ دراصل تعمیر پاکستان کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جرمنی کے تعاون سے پنجاب میں ٹیکنیکل اورانجینئرنگ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ٹیکنیکل اور انجینئرنگ کی فیلڈ میں جرمنی کی ترقی قابل تقلید ہے۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاکہ الیکشن کمشن کے فریم ورک میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز سے نبھائیں گے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن کے دوران سکیورٹی خدمات سرانجام دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو سکیورٹی اور پرامن ماحول کی فراہمی ہمارا عزم ہے۔ سکولوں میں قائم پولنگ سٹیشنز میں ضروری سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دے رہے ہیں۔ جرمن سفیر مارٹن کابلر نے کہاکہ جرمنی پاکستان کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے لئے تیار ہے۔ سی پیک کے منصوبوں میں جرمن ادارے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے جرمن سفیر مارٹن کابلر سے ملاقات کے دوران جرمنی میں اپنے قیام کی یادیں تازہ کیں۔ نگران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے بتایا کہ جرمنی کی معروف درسگاہ ہائیڈل برگ میں تین سال اقبال چیئر پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ جرمن سفیر مارٹن کابلر نے اس پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ڈاکٹر حسن عسکری سے ان کے مزید تاثرات بھی جاننا چاہیں گے۔ حسن عسکری نے بتایا کہ علامہ اقبال نے 1907ء میں دریائے نکرNECKER) (کے کنارے نظم میں جن خیالات اور محسوسات کا اظہار کیا وہ آج کے حالات پربھی صادق آتے ہیں - انہوںنے ڈاکٹر اینامیری شمیل کی اقبالیات کے فروغ کیلئے خدمات کا ذکر کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے بارشوںکے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثات میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اوربارشوں کے پیش نظر انتظامیہ اورمتعلقہ محکمے چوکس رہیں۔