سرکاری سکیم کے 30سے 40ہزار عازمین کی تصد یق کا عمل مکمل
اسلام آباد(اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج 2018ء کا فلائٹ شیڈول تمام عازمین کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد جاری کیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وزارت کے علم یہ بات تھی کہ سعودی حکومت کی جانب سے صرف پرائیویٹ سکیم کے حاجیوں کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے تاہم 21 جون کو سعودی وزارت حج کی جانب سے وزارت مذہبی امور کے نام لکھے گئے خط میں سرکاری سکیم کے حاجیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل لازمی قرار دیاگیا ہے جس کے بعد وزارت حج نے 25 جون کو ابتدائی طورپر 10اعتماد سنٹروں کے ذریعے سرکاری سکیم کے حاجیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کاعمل شروع کیا گیا۔ سرکاری سکیم کے تمام عازمین کو بذریعہ ایس ایم ایس خطوط اور اخبارات کے اشتہارات کے ذریعے اطلاع دی گئی۔ حاجیوں کی سہولت کے لئے ملک بھر میںاب 26 اعتماد سنٹروں کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کا عمل جاری ہے۔وزارت کے ذرائع نے کہاکہ حج فلائٹ شیڈول بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔