سرحد چیمبر کی سفارش پر ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں توسیع کیلئے وزارت خزانہ کو سفارشات پیش کی جائیں گی
پشاور (بیورو رپورٹ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین طارق محمود پاشا نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری کو یقین دلایا ہے کہ سرحد چیمبر کی سفارش پر ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں توسیع کیلئے وزارت خزانہ کو سفارشات پیش کی جائیں گی ۔ ٹیکس ایمنسٹی سکیم 2018ء آخری ایمنسٹی سکیم ہے ڈومیسٹک اور فارن اثاثہ جات ظاہر کرنے کیلئے متعارف کرائی گئی دونوںایمنسٹی سکیموں کا بہت اچھا رسپانس ملا ہے۔ 30 جون کے بعد اثاثہ جات ظاہر نہ کرنیوالوں کے اثاثے ضبط کرلئے جائیں گے۔ پاکستان سمیت دنیا کے 102 ممالک کے درمیان ہونیوالے معاہدہ کے تحت یکم ستمبر سے کوئی پاکستانی بیرون ملک اپنے اثاثے اور پیسہ نہیں چھپا سکے گا اور معاہدہ کی رو سے بیرون ممالک پاکستانیوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات اور معلومات ایف بی آر کو ملنا شروع ہوجائیں گی۔ایمنسٹی سکیم سے استفادہ کرنیوالے پاکستانی 30 جون سے پہلے اثاثے ڈکلیئر کردیں ۔ تمام ڈکلیئرشدہ اثاثہ جات کی سیکریسی کو یقینی بنایا جائے گا۔یہ یقین دہانی انہوں نے گذشتہ روز سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کرائی۔ سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے اپنے خطاب میں ایمنسٹی سکیم میں 30 ستمبر تک توسیع کا مطالبہ کیا اور کہا کہ موجودہ ایمنسٹی سکیم کو آخری سکیم ڈکلیئر کیا جائے تاکہ جو ایماندار ٹیکس پیئر 30 سے 35 فیصد ٹیکس دیتے ہیں ان کے مقابلے میں جو لوگ ٹیکس ادا نہیں کر رہے ہیں ان کی حوصلہ شکنی ہو اور موجودہ ٹیکس گزاروں پر ٹیکسوں کا بوجھ کم ہو اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوسکے۔