• news

الیکشن کمشن میں مسلم لیگ سے نواز کا نام ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے مسلم لیگ ن سے نواز کا نام ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار پاکستان عوامی تحریک کے خرم گنڈاپور، مخدوم نیاز انقلابی اور رئیس عبدالواحد کمشن کے سامنے پیش ہوئے۔ خرم نواز گنڈاپور نے الیکشن کمشن کو بتایا کہ انتخابات قریب ہیں مسلم لیگ ن والے نواز شریف کے نام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ نواز شریف انتخابی مہم چلا رہے ہیں اس کو روکا جائے۔ خرم نواز گنڈاپور نے استدعا کی کہ مسلم لیگ ن سے نواز کا نام ہٹایا جائے۔ کیس کی جلد سے جلد سماعت مکمل کی جائے۔ کمشن نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت 9 جولائی کو کریں گے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اس وقت تک بیلٹ پیپر چھپ چکے ہو نگے۔ ممبر بلوچستان شکیل بلوچ نے ریماکس دیئے کہ بیلیٹ پیپر پر پارٹی کا نام نہیں بلکہ انتخابی نشان اور امیدوار کا نام درج ہوتا ہے۔ ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے استفسار کیا کہ کوئی کہہ رہا ہے کہ وہ ہمارے لیڈر ہیں تو انہیں روکا جا سکتا ہے ؟۔ خرم نواز گنڈاپور نے استدعا کی کہ چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کو انتخابی نشان الاٹ نا کیا جائے۔ ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے ریمارکس دئے کہ کیا آپ چاہتے ہیں انتخابات کا عمل روک دیا جائے۔ اسے چلنے دیں۔

ای پیپر-دی نیشن