• news

دربار بابا فریدؒ حاضری: ماتھا ٹیکا، سوشل میڈیا پر بحث: احتراماً بوسہ دیا: عمران

پاکپتن/ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ بی بی سی) عمران خان نے اہلیہ کے ساتھ پاکپتن میں دربار بابا فرید مسعود گنج شکرؒ پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے۔ زلفی بخاری بھی انکے ساتھ تھے۔ عمران خان کی دربار آمد پر تحریک انصاف پی پی 192کے ٹکٹ ہولڈر دیوان عظمت چشتی اور پی پی 193کے ٹکٹ ہولڈر پیر احمد شاہ کھگہ نے استقبال کیا۔ عمران خاں نے دربار بابا فرید الدین گنج شکرؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نوافل ادا کئے۔ ملکی سلامتی اور الیکشن میں کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ سجادہ نشین دیوان مسعود چشتی نے عمران کی دستار بندی کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شہری اور پی ٹی آئی کے کارکن بھی جمع ہو گئے۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ مانیکا نے کارکنوں اور زائرین میں مٹھائی تقسیم کی۔ حاضری کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ بحث اس بات پر کی جا رہی ہے کہ انہوں نے درگاہ کی چوکھٹ پر ماتھا ٹیکا یا مزار کی سیڑھیوں پر بوسہ دیا۔ مخالفین اس عمل کو مذہبی نقطہ نظر سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تو دوسری جانب تحریک انصاف کے حامی اس کے دفاع میں مصروف ہیں۔ تحریک انصاف کی سابقہ رہنما فوزیہ قصوری نے ٹوئٹر پر ایک حدیث نبوی شیئر کی جس کے مطابق ”رسول اللہ نے فرمایا کہ تم سے اگلوں نے قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا تھا، خبردار! تم قبروں کو سجدہ گاہ نہ بنانا‘ میں تمہیں منع کرتا ہوں“۔ یہ حدیث شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیشہ شرک سے باخبر رہنا، اللہ ہم سب کی رہنمائی کرے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ بابا فریدؒ کے مزار پر احترام کی وجہ سے بوسہ دیا۔ سجدہ صرف اللہ تعالیٰ کے سامنے ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ عاجزی پسند ہے۔ کسی ایک خاتون کو بھی سفارش پر ٹکٹ نہیں دیا۔
عمران/دربار حاضری

ای پیپر-دی نیشن