کینیڈا کی سینئر ہاکی ٹیم رواں سال پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے : قمر ابراہیم
وینکوور/کینیڈا(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈویلپمنٹ سکواڈ کے مینجر اولمپئن قمر ابراہیم کا کہنا ہے کہ کینیڈا کی سینئر ہاکی ٹیم رواں سال کے آخر میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور کینیڈا ہاکی کے اعلی عہدیداروں کی اس حوالے سے بڑی مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ رواں سال نومبر، دسمبر میں بھارت کے شہر بھونیشور میں شیڈول ہاکی کے عالمی کپ میں جانے سے پہلے کینیڈا کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات موجود ہیں۔ وہ وینکوور میں وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں کینیڈا کی سینئر ٹیم کے ساتھ باہمی سیریز کھیل رہے ہیں اسکے جواب میں ہاکی کینیڈا کے اعلی عہدیداروں نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ قمر ابراہیم کا کہنا تھا ہم نے پی ایچ ایف کے صدر اور سیکرٹری سے درخواست کی تھی کہ جونیئر ایونٹس کی تیاری کے لیے ڈویلپمنٹ سکواڈ کو دیگر ملکوں کی جونیئر ٹیموں کے بجائے سینئر ٹیموں کے ساتھ پریکٹس میچوں کا موقع فراہم کیا جائے اسطرح ہم زیادہ بہتر انداز میں مستقبل کے بڑے مقابلوں کی تیاری کر سکتے ہیں۔ ہمارے نوجوان اور ناتجربہ کار پلئیرز کینیڈا کے ان تیس پلئیرز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں جنہوں نے رواں سال ہونیوالے عالمی کپ میں کینیڈا کی نمائندگی کرنی ہے وہ تیس کھلاڑیوں کے پول کے ساتھ ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں ہمارے خلاف میچز کھیل رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں میں تجربے کا بہت زیادہ فرق ہے۔ ہمیں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ہمارا اصل مقصد اپنے پلیئرز کو سخت مقابلوں کے لیے بہترین انداز میں تیاری کروانا ہے ہم اسی لیے سینئر ٹیموں سے کھیلنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس سطح پر اور اس عمل میں کھیل کا تجربہ، دباو برداشت کرنے کا فن اور مشکل حریف سے مقابلوں کی تیاری سیکھنا فتح یا شکست سے زیادہ اہم ہے اور ہم اسے فارمولے پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل اولمپئن شہباز احمد سینئر کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہماری درخواست پر ڈویلپمنٹ سکواڈ کو دیگر ملکوں کی سینئر ٹیموں سے کھیلنے کا موقع فراہم کیا ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ اسکے بعد ہم یورپ ٹور کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ یہاں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد ہمارے پلیئرز کو دیکھنے گرا¶نڈ میں آتی ہے انکی حصلہ افزائی اور پاکستان ہاکی سے وابستگی و پسندیدگی سے بہت خوشی ہوئی ہے۔ ہم نے کینیڈا کے ڈویلپمنٹ سکواڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی لیکن سینئر ٹیم کے خلاف مقصد اچھی میچ پریکٹس حاصل کرنا تھا اگر جیت جائیں تو اس سے بہتر اور کچھ نہیں لیکن ایک ایسی ٹیم جو اپنے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ عالمی کپ کی تیاری کر رہی ہو اسکے خلاف ناتجربہ کار اور نوجوان پلیئرز کا میچ جیتنا ذرا مشکل ہے ہمارے پلیئرز نے گول کرنے کے مواقع پیدا کیے اچھی مووز بنائیں مسنگ بھی ہوئی کچھ معمولی غلطیوں اور نا تجربہ کاری کی وجہ سے مجموعی نتائج خراب ہوئے لیکن یہ ایسی چیزیں ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہو سکتی ہیں۔ قمر ابراہیم کا کہنا تھا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ ڈویلپمنٹ سکواڈ کو بیرون ملک بھیجنا پیسے کا ضیاع ہے پی ایچ ایف کو اس دورے کے لیے صرف سفری اخراجات برداشت کرنا پڑے ہیں باقی تمام اخراجات میزبان ملک کینیڈا نے اٹھائے ہیں اسی طرح جب کینیڈا کی ٹیم پاکستان آئے گی میزبانی کے فرائض نبھاتے ہوئے ہم انکے قیام و طعام کے ذمہ دار ہونگے۔ یہ پاکستان کے بچے ہیں اور ہمارا مقصد انہیں کھیل کے بہتر مواقع بہترین سہولیات کے ساتھ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔