چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے اولمپک چیمپئن ارجنٹینا کو شکست دیکر اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے اولمپک چیمپئن ارجنٹینا کو شکست دیکر اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ نیدر لینڈ کے شہر بریڈا میں جاری ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ارجنٹینا کو ایک کے مقابلے چار گول سے شکست دی۔ پاکستان ٹیم نے میچ کا پہلا گول کھیل کے دسویں منٹ میں ایم عرفان جونیئر نے کیا۔ کھیل کے 34 ویں منٹ میں ارجنٹینا کے کھلاڑی نے گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اٹیکنگ کھیل پیش کیا جس میں قومی کھلاڑیوں نے تین گول سکور کیے۔ پاکستان کی طرف سے کھیل کے دسویں منٹ میں ایم عرفان جونیئر نے، 47 میں منٹ میں پنلٹی کارنر پر مبشر علی نے، 49 ویں منٹ میں اعجاز احمد نے جبکہ 58 ویں منٹ میں پاکستان کے علیم بلال نے پنلٹی سٹروک پر گول کیا۔ بھارت اور بیلجیئم کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔ بھارت کی طرف سے گول ہرمن پریت نے کھیل کے دسویں منٹ میں کیا ۔ بیلجیئم کی طر ف سے گول لوئے پرٹ نے کھیل کے 59ویں منٹ میں کیا ۔ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا۔ کل دو میچ کھیلے جائیں گے پہلا میچ ارجنٹائن اور آسٹریلیا کے درمیان جبکہ دوسرا میچ ہالینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ یکم جولائی کو کھیلا جائے گا۔