• news

ساہیوال‘ سیالکوٹ‘ قصور: زیادتی اور قتل کے مقدمات میں ملوث 4ملزمان کو سزائے مو ت‘ 3بری

ساہیوال‘ سیالکوٹ‘ قصور (نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) کمسن بچی سے زیادتی اور قتل کے مقدمات میں ملوث 4ملزمان کو سزائے موت وجرمانے جبکہ 3بری کر دیئے گئے۔ ایڈیشنل سیشن جج ساہیوال راجہ صفدر اقبال نے چھ سالہ بچی سدرا سے زیادتی کے ملزم چو کیدار لطیف خاں کو سزائے موت کا حکم دے دیا ہے ۔استغاثہ کے مطابق 31مئی2017کو چک 134/9.Lمیں چوکیدار لطیف خاں نے عبد الولی خاں کی 6سالہ بچی سدراسے زیادتی کی جس سے بچی کی حالت غیر ہوگئی تو گلی میں پھینک کر فرار ہو گیا‘ بچی ذہنی توازن قائم نہ رکھ سکی۔پولیس تھانہ غلہ منڈی نے مقدمہ 376ت پ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ نتاشا نسیم سپرا نے تھانہ بیگووالہ کے مشہور دوہرے مقدمہ قتل میں ملوث دو بھائیوں کو عظمت اللہ عرف موٹا اور لقمان عرف گونا کو سزائے موت اور پانچ‘ پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ مقتولین کے ورثاء کو ادا کرنے کا حکم دیا۔ معاوضہ ادا نہ کرنے پر مجرمان کو مزید چھ‘ چھ ماہ قید بھگتنا ہو گی۔ استغاثہ کے مطابق مجرمان نے 18نومبر 2011کو مکان خالی کرنے کے تنازع پرفائرنگ کرکے دو بھائیوں سید علی رضا اور سید تصور حسین کو قتل کیا تھا۔ پولیس نے دونوں مجرمان کو گرفتار کیا تھا‘ بعدازاں کو حوالات سے فرار ہو گئے تھے۔ بعدازاں پولیس نے دونوں مجرمان کو 2014میں دوبارہ گرفتار کیا تھا۔ فاضل عدالت نے اسی مقدمہ میں ملوث اشتہاری مدثر کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور شاہدہ سعید نے تھانہ صدر کے علاقہ مشتاق کالونی عیدے شاہ روڈ میں قتل ہونے والے سیف اللہ جٹ کے مقدمہ قتل کے مرکزی ملزم الیاس کو سزائے موت اور ایک لاکھ روپے ہرجانہ جوکہ مقتول کے ورثاء کو ادا کیا جائے گا، کا حکم سنایا جبکہ تین شریک جرم ملزمان حیات، خضر حیات عرف فاروق اور شفاقت عرف شاکا کو استغاثہ کی طرف سے جرم ثابت نہ ہونے پر اور شک کی بنیاد پر بری کر دیا۔ استغاثہ کے مطابق اپریل 2014ء میں ملزمان الیاس وغیرہ نے اپنے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے سیف جٹ کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن