ترقیاتی اور تعلیمی منصوبوں کے تسلسل کیلئے مسلم لیگ ن کی حکو مت ناگزیر ہے: احسن اقبال
نارووال (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے یونیورسٹی کے طلبا و طالبات سے خطاب کرتے کہا مجھے اتنی خوشی روڈز انفراسٹرکچر بنانے میں نہیں ہوئی جتنی خوشی مجھے نارووال میں 3 یونیورسٹیوں کے قیام سے ہوئی۔ ترقیاتی، تعلیمی منصوبوں کے تسلسل کے لیے مسلم لیگ ن کی حکومت ناگزیر ہے، آج پاکستان میں امن کے سائے ہیں اس کا سہرا بھی نارووال کو جاتا ہے کیونکہ آپ کے ایم این اے کو سی پیک کی ذمہ داری دی گئی، ایک کاغذ کے ٹکڑے سے سی پیک کو عملی شکل دی، سٹوڈنٹس ہمارا اثاثہ ہیں اور میرے ساتھ ہیں الیکشن میں ہم ہی جیتیں گے، حکومت کے عدم تسلسل سے ترقیاتی منصوبے رک جاتے ہیں، ملکی تعمیروترقی میں یوتھ کا اہم کردار ہے، وہ وقت دور نہیں جب نارووال میں انٹرنیشنل سٹوڈنٹس پڑھنے آئیں گے۔ چار سالوں میں دس ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی۔ دہشت گردی کی کمر توڑ دی جس سے آج پاکستان میں امن کے سایہ میں ہے، چند مذہبی جماعتیں اور سیاسی لیڈر اپنے مفاد کی خاطر قوم میں نفرت پھیلا کر لوگوں کو اندھا کر رہے ہیں لیکن آپؐ کی نسبت نے میری جان بچائی۔ جو بھی کلمہ گو ہے وہ ناموس رسالت اور ختم نبوت کا چوکیدار ہے، جس نے مجھ پر گولی چلائی وہ کوئی بھارتی را کا ایجنٹ نہیں تھا وہ نارووال کا ہی رہائشی ہے لیکن اس کو یہ تاثر دیا گیا کہ تم اس کو گولی مار کر ختم نبوت کی خدمت کرو گے۔ موضع جسڑ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جس طرح ملک میں کام کیے ہیں ان کو دیکھ کر اب کام ہمارا نہیں آپ ووٹرز کا ہے کہ 25جولائی کو جب رزلٹ آئے تو پتہ چلے کہ پچھلے سالوں سے کئی گنا زیادہ ن لیگ ووٹ لیکر ملک سے کامیاب ہوئی ہے۔