ایم ڈی پی ٹی وی کی مستقل تعیناتی، ادارے کے آڈٹ پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ آف پاکستان میں پی ٹی وی کے مستقل ایم ڈی کی تعیناتی ،مستقل میں باہر سے کسی افسر کو لاکر اضافی ،نگران یا قائم مقام چارج دینے سے روکنے ،پی ٹی وی کے پانچ سالوں کا آڈٹ کرانے ،پی ٹی وی کی گزشتہ پانچ سالوں کی غیر قانونی بھرتیوں اور ترقیوں کی انکوائری کرنے کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کے نام سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل میں درخواست جویریہ اقبال قریشی نے دی ہے ۔درخواست میں موقف اختیا رکیا گیا ہے کہ پی ٹی وی میں بطور خاتون انھیں اپنے فرائض سرانجام دینے میں مشکلات کھڑی جارہی ہیں ،ان کا پی ٹی وی پروگرام آپ کو پتہ ہے؟بھی بلاوجہ بند کر دیا گیا ،بطور ایچ آر کوآرڈینشین ان کے الاؤنسز بھی روک دیئے گئے ۔درخواست گزار کا کہنا ہے جب وہ اپنے پروگرام کی بندش سے متعلق پی ٹی وی کے اضافی چارج رکھنے والے ایم ڈی احمد نواز سکھیرا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے دھمکاتے ہوئے کہا سپریم کورٹ چلی جا مجھے کوئی پرواہ نہیں ۔ درخواست گذار نے مزید کہا کہ 27 ماہ سے پی ٹی وی کے معاملات ایڈہاک بنیادوں پر چلائے جارہے ہیں ، 23ستمبر 2017کو ایم ڈی پی ٹی وی کیلئے درخواستیں طلب کی گئیں ،پچپن امیدواران نے درخواستیں دیں لیکن وزارت اطلاعات کے ذرائع کے مطابق چنا کا عمل مکمل نہیں کیا گیا ۔ظہور احمد برلاس اور اس کے فرنٹ مین اتحادی فرحت عباس نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں کیں ۔چیف جسٹس سے استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی و ی انتظامیہ کو روکا جائے کہ وہ درخواست گزار کیلئے مزید مشکلات کھڑی نہ کریں اور انہیں مزید کسی ڈیپارٹمنٹ میں نہ بھیجا جائے۔