• news

دھرنے جاری‘ آج کل میں ٹکٹوں کا مسئلہ حل‘ اللہ کا شکر ادا کرونگا : عمران خان

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آج کل میں پارٹی ٹکٹوں کا مسئلہ ختم ہو جائے گا، ٹکٹوں کا مسئلہ ختم ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کروں گا۔ علاوہ ازیں عمران خان نے اسد کھوکھر اور خالد گجر کے معاملات طے کرا دئیے اسد کھوکھر این اے 136سے الیکشن لڑیں گے۔ خالد گجر پی پی 172سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔ عمران خان نے چودھری پرویزالٰہی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور انتخابی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ چیئرمین عمران خان نے لاہور میں اپنے قیام کے تیسرے روز بھی پارٹی رہنماﺅں سے مختلف امور پر مشاورت کی اور آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کےخلاف مسلسل تیسرے روز بھی عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، سابق رکن اسمبلی سےمل کامران نے سابق وزیر قانون راجہ بشارت کو ٹکٹ دئیے جانے کیخلاف عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر دھرنا دیدیا۔ سہ پہر کے وقت عمران خان گلبرگ میں عبد العلیم خان کے دفتر پہنچے جہاں ان سے عبد العلیم خان، سینیٹر چوہدری محمد سرور، سردار طالب نکئی سمیت دیگر نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اتحاد کے ساتھ میدان میں اترنا ہے اور طاقتور مافیا کا مقابلہ کرنا ہے۔ پارٹی نے جن امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں تمام رہنما اور کارکن یکجان ہو کر ان کی جیت کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں منڈی بہاﺅ الدین سے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور ٹکٹوں کی تقسیم میں ناانصافی نامنظور کے نعرے لگائے ۔ کارکنوں کے احتجاج کے باعث پولیس کی نفری بھی عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر تعینات رہی۔ سیمل کامران عمران خان سے ملاقات کےلئے ان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچےں تاہم سکےورٹی اہلکاروں نے انہیں گھر کے اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ اس دوران سیمل کامران نے عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر دھرنا دیدیا اور ان کا کہنا تھا کہ بد کردار انسان کو ٹکٹ دینا کیسا انصاف ہے۔ عمران خان پارٹی عبدالعلےم خان کے دفتر جانے کیلئے روانہ ہوئے تو سےمل کامران نے ان کی گاڑی روکنے کی کوشش کی جس پر لےڈی پولےس اہلکاروں نے انہیں زبردستی پیچھے دھکیل دیا جس کی وجہ سے ان کی پولیس سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔سیمل کامران نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ راجہ بشارت کو دیا گیا پارٹی ٹکٹ واپس لیں۔ این اے 64سے پی ٹی آئی نے سردار غلام عباس سے پارٹی ٹکٹ واپس لے لیا گیا ہے۔ سردار ذوالفقار علی خان کو این اے 64کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔ پی پی 23پر ن لیگ کے امیدوار سردار ذوالفقار نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی۔ تحریک انصاف نے حلقہ پی پی 65 منڈی بہاﺅ الدین سے تیسری مرتبہ ٹکٹ تبدیل کرکے ارشدککوکوجاری کردیا۔ پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار طارق محمود ساہی نے کہاکہ میرا نام ابھی بھی لسٹ میں شامل ہے اور شعیب صدیقی جیسے لوگ پارٹی کو بدنام کررہے ہیں۔ شعیب صدیقی نے 3کروڑ لیکر ٹکٹ ارشد گگو کو جاری کیا۔ تحریک انصاف ڈیرہ غازی خان کے کارکنوں نے شاہ محمود قریشی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے کہاکہ وائس چیئرمین نے ٹکٹیں دیتے وقت کارکنوں کو نظرانداز کرکے اپنے من پسند لوگوں کو ٹکٹ دئیے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ پی ٹی آئی کی ناراض خواتین کارکنان کو منانے میں کامیاب ہو گئیں۔ پی ٹی آئی کی ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض خواتین نے زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کی جس میں بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔ ملاقات ڈھائی گھنٹے جاری رہی۔ بشریٰ بی بی نے خواتین کو عمران خان کی جدوجہد اور پاکستان کے ساتھ محبت سے آگاہ کیا۔ بشریٰ بی بی سے واقعات سن کر خواتین متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔ خواتین کارکنان نے کہاکہ بشریٰ بی بی شفیق اور پیاری خاتون ہیں۔ خاتون کارکن فاطمہ عثمان نے کہاکہ بشریٰ بی بی کا بیان سن کر آنکھوں میں آنسو گئے۔ سعدیہ سہیل نے کہا کہ عمران خان کو نئے گھر کی مبارکباد دی ہم سب خوش ہیں۔ ڈاکٹر زرقا نے کہا کہ پارٹی کی انتخابی مہم بڑھ چڑھ کر چلائیں گے۔ ارم بخاری نے کہا کہ اب کو ئی گلہ نہیں ہم خوش ہیں۔
عمران

ای پیپر-دی نیشن