• news

فٹبال ورلڈکپ : پری کوارٹر فائنل مرحلہ آج سے شروع‘ فرانس ارجنٹائن یوراگوئے پرتگال مدمقابل

لاہور (سپورٹس رپورٹر) اکیسواں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2018ءاختتامی مرحلے کی طرف گامزن، عالمی چیمپئن جرمنی کی ٹیم ٹائٹل چھوڑ کر وطن واپس پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ کا پری کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگیا، پری کوارٹر فائنل مرحلہ (آج) ہفتہ سے شروع ہوگا۔ فرانس، ارجنٹائن، برازیل، سپین، میزبان روس، میکسیکو، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، کروشیا، ڈنمارک، یوروگوئے ، جاپان، بیلجیئم، انگلینڈ، کولمبیا اور پرتگال کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ روس میں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے جس میں اب تک بڑی ٹیموں کی مایوس کن کارکردگی سامنے آئی ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کا پہلا پری کوارٹر فائنل میچ (آج) ہفتہ کو فرانس اور ارجنٹائن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات سات بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرا پری کوارٹر فائنل میچ یوروگوئے اور پرتگال کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات گیارہ بجے شروع ہوگا ۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 6 جولائی سے شروع ہوگا، میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 جولائی کو کھیلا جائیگا، دوسرا سیمی فائنل میچ 11 جولائی کو کھیلا جائیگا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 14 جولائی کو کھیلا جائیگا۔ میگا ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ 15 جولائی کو ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن