ماسٹرز کبڈی ٹورنا منٹ : ایران پاکستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) متحدہ عر ب امارات میں ہونیوالے دبئی ماسٹرز کبڈی ٹورنا منٹ کے سیمی فائنل میں ایران نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 21کے مقابلے میں40پوائنٹس سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔ ایرانی ٹیم گرین شرٹس کے خلاف کھیل کے آغا زسے ہی چھائی رہی اور گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں آﺅٹ کلاس کر دیا ۔ پاکستانی سکواڈ میچ میں بے بس دکھائی دیا ۔ہاف ٹائم تک ایران کو 9کے مقابلے میں19پوائنٹس کی برتری حاصل تھی جبکہ میچ کے اختتام سے تین منٹ قبل ایران کی ٹیم کو17کے مقابلے میں 37پوائنٹس کی برتری حاصل تھی ۔ پاکستانی کھلاڑیوںکی پے در پے غلطیوں کی وجہ سے حریف ٹیم نے فائدہ اٹھایا اور کامیابی سمیٹ لی ۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے جنوبی کوریا کو 20کے مقابلے میں 36پوائنٹس سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ ایونٹ کا فائنل آج بھارت اور ایران کی ٹیموں کے درمیان دبئی میںکھیلا جائے گا۔