چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ:بیلجیئم نے بھی پاکستان ٹیم کو شکست دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں بیلجیئم نے بھی پاکستان ٹیم کو شکست دیدی۔ بیلجیئم نے پاکستان کو دو کے مقابلے چار گول سے مات دی۔ ہالینڈ کے شہر بریڈا میں جاری چیمپیئن شپ میں گذشتہ روز پاکستان ٹیم نے اپنا آخری لیگ میچ بیلجیئم کے خلاف کھیلا۔ جس میں کھیل کے 11 ویں منٹ میں پاکستان کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر علیم بلال نے گول کر کے پاکستان ٹیم کو ایک گولا کی برتری دلا دی۔ جو دوسرے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔ تیسرے کوارٹر میں میچ کے 36 ویں منٹ میں بیلجیئم کے تھامس نے گول کر کے مقابلہ ایک ایک کر دیا۔ دو منٹ بعد پاکستان ٹیم کو ملنے والے ایک اور پنلٹی کارنر پر علیم بلال نے ایک مرتبہ پھر گول کر کے پاکستان کو برتری دلا دی۔ تاہم اگلے ہی منٹ میں بیلجیئم کے امورے نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام پر مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا تاہم چوتھے کوارٹر میں بیلجیئم نے شاندار کھیل پیش کیا اور 51 ویں اور 54 ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ چار دو کر دیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان پانچ لیگ میچز کھیل کر صرف ایک کامیابی کے ساتھ تین پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہونے کی وجہ سے پانچویں اور چھٹی پوزیشن کیلئے میچ کھیلے گی۔