ڈی جی خان، راجن پور، راولپنڈی میں 3 روزہ پولیو مہم پرسوں شروع ہو گی
لاہور (نیوزرپورٹر)پنجاب کے 3 حساس اضلاع میں پولیو مہم 2 سے5جولائی کے درمیان منعقد کی جارہی ہے جس کے تحت 17لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ یہ مہم، جو کہ پولیوانتہائی رسک سیزن کی پہلی مہم ہے جس میں پنجاب کے ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور راولپنڈی کی 163 یونین کونسل شامل ہیں۔ خیبر پی کے، سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والی متحرک آبادی کی موجودگی کی وجہ سے یہ اضلاع حساس قرار دئیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مئی کے مہینے میں راولپنڈی سے ماحولیاتی نمونوں کے مثبت آنے کے بعد ضلع کی منتخب یونین کونسلوں میں پولیو مہم کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹرپنجاب اور ڈائیریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیر احمدکے مطابق تین صوبوں میں ماحولیاتی نمونوں اور بلوچستان کی دکی تحصیل میں تین بچوں میںپولیو وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ بنوں میں2016کے بعد پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ لیبارٹری ٹیسٹ سے پتہ چلتا ہے کہ یہی وائرس فروری میں ڈیرہ غازی خان میں پایا گیا تھا۔ چنانچہ ایسے تمام اضلاع جن میں پولیو زدہ علاقوں سے آمدورفت ہے، وہاں پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔