پیپلزپارٹی دیوالیہ پن کا شکار اندرون سندھ تک محدود رہ گئی : شاہ محمود
ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ منظور وٹو کا آزاد الیکشن لڑنا اور ان کے بیٹے اور بیٹی کا تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینا پیپلز پارٹی کا سیاسی دیوالیہ پن ظاہر کرتا ہے۔ میں نے پہلے ہی کہ دیا تھا پیپلز پارٹی اندرون سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ اس وقت 2018ء کے انتخابات میں پنجاب میں پی ٹی آئی کی جو پوزیشن ہے 2023ء کے انتخابات میں سندھ میں پی ٹی آئی کی یہی پوزیشن ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز الیکشن کمپین کے دوران حلقہ این اے 156اور پی پی 217کی مختلف یونین کونسلوں میں کارنر میٹنگ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کا گرے لسٹ میں شامل ہونا ن لیگ کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے این اے 156 کی یونین کونسل26کا دورہ کیا جہاں اسماعیلی برادری کے شیخ سجاد نے تحریک انصاف میں شمولیت اور مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔ یونین کونسل 27میں سیاسی شخصیت و سابق ناظم یوسی27 فاروق خان بابر نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اور مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔ عمر فاروق خان بابر کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاگیلانی صاحب نے ہمارے سٹی صدر کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ کی آفرکی لیکن انہوں نے ٹھکرا دی۔ انہوں نے کہا جو حیثیت پیپلز پارٹی میں ذوالفقار علی بھٹو کی تھی وہی عمران خان کی تحریک انصاف میں ہے۔کیونکہ یہ پودا عمران خان کا لگایا ہوا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا جہانگیر ترین سے اختلاف نہیں ہے ہو سکتا ہے کہ ٹکٹوں کے معاملے پر کوئی آراء مختلف ہوں ۔ یہ سب میڈیا کی اختراع اب ان ٹکٹوں کے معاملات پر چیئرمین نے فیصلہ کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ بننے کے سوال پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر اکثریت ہمیں ملکتی ہے تو پارٹی چیئرمین نے فیصلہ کرنا ہے ‘ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ اگر عمران خان نے مجھے اس قابل سمجھا تو میری ترجیحات واضح ہے۔اس موقع پر رانا عبدالجبار ‘ میاں جمیل احمد ‘ عقیل اعجاز انصاری ‘ ندیم قریشی‘ ملک اختر بھٹہ ودیگر شخصیات موجود تھیں۔یونین کونسل 46 سے سیاسی شخصیت چودھری عبدالستار نے تحریک انصاف میں شمولیت اور مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل48 میں وائس چیئرمین حنیف انصاری کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کیا ۔ انہوں نے یونین کونسل42 کا دورہ کیا اور کارنر میٹنگ سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر سابق ٹائون ناظم میاں جمیل احمد ‘ رانا عبدالجبا ر ‘ رانا افضل ‘ رائو امجد علی ‘ شیخ طاہر ‘ منور قریشی اوردیگر شخصیات ان کے ہمراہ تھیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے این اے 156کی یونین کونسل 47 کی جانب سے منعقدہ ایک ریلی میں شرکت جس میں پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن شریک تھے۔