• news

عمران خان نے قوم کو الیکٹیبلز کے ہاتھوں فروخت کر دیا: جاوید ہاشمی

ملتان (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیہ نے اسٹیبلشمنٹ کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے اسٹیبلشمنٹ پریشان ہے۔ عمران خان نے عمر رسیدہ لوگوں کو لے کر نوجوانوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور قوم کو الیکٹیبلز کے ہاتھوں فروخت کردیا ہے۔ 88سالہ مصطفی کھر کو تو وہ نوجوان سمجھتے ہیں اور مجھ 70سالہ کو بوڑھا کہہ رہے ہیں۔ ان حالات میں قوم کے لئے راستے واضح ہیں اور مسلم لیگ کا راستہ آج بھی اقتدار کی طرف جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی مشینری سے پرانی کرنسی نکل رہی ہے جو مسترد شدہ ہے۔ عمران خان الیکٹیبلز کے نام پر اسٹیبلشمنٹ کے سامنے ہتھیار ڈال چکے ہیں اور اب وہ بابا فرید کے مزار کی چوکھٹ کو جس طرح چوم رہے ہیں میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں، عمران خان کا دشمن عمران خان خود ہیں۔ عمران خان نے پارٹی پر روایتی سیاستدانوں کو مسلط کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب آج بھی سب سے بڑ ا عیب ہے اسے پارٹیاں بنانے اور توڑنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ پانچ سال جیل میں رہنے کے بعد نیب سمیت کوئی ادارہ مجھ پر ایک پائی ثابت نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ میں نیب کے سربراہ جسٹس ر جاوید اقبال پر تنقید کر سکتا ہوں لیکن چیف جسٹس ثاقب نثار کے بارے میں کچھ نہیں کہتا البتہ میں نے ان کے سامنے ان کی عدالت میں کہا تھا کہ آپ بھاٹی کے کونسلر نہیں بن سکتے۔ میرا نام اصغر خان کیس میں اسد درانی کی فہرست میں بھی نہیں ہے، اگر میں نے آئی ایس آئی سے پیسے لئے ہوتے تو وہ مجھے الیکشن کیوں ہرواتے اور میں ان پر تنقید کیوں کرتا، جب میں نے جیل کاٹی تو اسی نیب کے ذریعے عدلیہ نے مجھے مسٹر کلین کی چٹ دی تھی۔ مسلم لیگ (ن) میں سب سے زیادہ قربانیاں نواز شریف کے علاوہ میری تھیں چوہدری نثار یا اس کے علاوہ کوئی میری قربانیوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ میں نے ایک سال قبل کہہ دیا تھا کہ آپ کچھ لوگوں کو ٹکٹ دیں گے مگر وہ ٹکٹ نہیں لیں گے اور بھاگ جائیں گے۔ عمران خان کو کہتا ہوں کہ وہ کسی کا مہرہ نہ بنیں اگر انہیں اقتدار مل بھی گیا تو وہ دو دن بھی کھڑے نہیں ہو پائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ قمرالاسلام کے بچوں کے ساتھ جاکر ان کی کمپین کروں، نیب نے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے لیکن جیل جانے والوں کو فائدہ ہوتا ہے، البتہ چوہدری نثار سے بھی زیادتی ہوئی ہے۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی سے پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے حلقہ این اے 158کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ آپ اس حلقے میں یوسف رضا گیلانی کی خفیہ حمایت کریں گے تو جاوید ہاشمی نے جذباتی انداز میں کہا کہ کون یوسف رضا گیلانی میں کسی یوسف رضا گیلانی کو نہیں جانتا ان کا نام میں آپ سے سن رہا ہوں۔ میں صرف اپنی پارٹی کو جانتا ہوں اور اس کے امیدوار جاوید علی شاہ کو بھی سپورٹ کرونگا۔

ای پیپر-دی نیشن