• news

قوم ووٹ کے ذریعے وڈیروں، لٹیروں کا محاسبہ اور محاصرہ کرے:حامد رضا

لاہور(خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور حلقہ این اے 110 سے امیدوار قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قوم ووٹ کے ذریعے وڈیروں و لٹیروں کا محاسبہ اور محاصرہ کرے۔ الیکشن کے بعد کے حالات مایوس کن دکھائی دے رہے ہیں۔ زر اور زور والوں نے انتخابی سیاست پر قبضہ کر رکھا ہے۔ پچھلے ستر سالوں میں عوام کے مسائل اور حکام کے وسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ ہم اسلام اور پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ دھاندلی کی ہر شکل کی مزاحمت کی جائے گی۔ فارن پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں آیا ہے۔ پاکستان کو اقتصادی پابندیوں سے بچانے کے لئے اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔کالعدم جماعتوں کے راہنماؤں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ملنا تشویشناک ہے۔ تبدیلی کے نام پر قوم سے ایک بار پھر دھوکہ کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ الیکشن کو سلیکشن بنانے والے ملک و قوم پر رحم کریں۔ عوام کی اپنے نمائندوں سے حساب اور جواب مانگنے کی روش خوش آئند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن