• news

ہمارے امیدواروں کو جیب کے نشان پر لڑنے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے‘ عوام جانتے ہیں یہ کس کا ہے : نوازشریف

لندن ، ملتان (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) نواز شریف نے لندن میں ہارے سٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں الزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نشانے پر ہے ہمارے امیدواروں کے ٹکٹ واپس کرائے جارہے ہیں۔ ہمارے انتخابی امیدوار کو بلاکر ڈرایا دھمکایا گیا ہمارے نمائندوں کو جیپ کے نشان پر الیکشن لڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ ہمارے نمائندوں کی تذلیل کی جارہی ہے یہ جیپ کس کا نشان ہے عوام بہترجانتے ہیں۔ ملتان میں ہمارے امیدوار رانا اقبال پر تشد دکیاگیا اور سر پھاڑ دیا گیا انہیں تھپڑ مارے گئے۔ لیگی امیدواروں اور انکی فیملی کو دھمکیاں دی گئیں۔ ہمارے امیدواروں کو پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے مجبور کیا گیا ایسے اقدامات ملک کیلئے نقصان دہ ہوں گے۔ نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر امیدواروں کو دھمکیوں کانوٹس لیں۔ ہم نے غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا، تمام توپوں کا رخ مسلم لیگ (ن) کی طرف ہے۔ رانا اقبال کو خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، اگر دھاندلی ہوئی تو طوفان اٹھے گا جس کو سنبھالنا مشکل ہوگا۔ یہ تمام صورتحال پری پول دھاندلی ہے۔ کلثوم نواز ہوش میں نہیں۔ دعا کی استدعا کی جاتی ہے۔ کلثوم نواز ابھی وینٹی لیٹر پر ہیں۔ دوسری طرف پی پی 219 ملتان سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا اقبال سراج نے اپنے ہی قائد کے بیان کی نفی کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق رانا اقبال سراج نے ویڈیو بیان میں کہا کہ جس واقعہ کا ذکر کیا جارہا ہے، وہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ میرے کھاد کے گودام پر محکمہ زراعت والوں نے چھاپہ مارا تھا، گودام پر چھاپے میں کسی ادارے کا تعلق نہیں۔
نواز شریف

ای پیپر-دی نیشن