عمران خیر منائیں ٹکٹوں کی فروخت کا بڑا سکینڈل آنے والا ہے : بلاول
اسلام آباد(آئی این پی)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے نواز حکومت کے ستائے عوام پر نگران حکومت مزید ظلم نہ کرے ‘ نگران حکومت عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ نہ ڈالے۔ پیپلز پارٹی نے پٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی مخالفت کر دی۔ آصف علی زرداری نے کہا نگران حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے گریز کرے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے غریب زیادہ متاثر ہو گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھے گی۔ مزید برآں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شیہد کا پیغام لے کر آیا ہوں ، ملک کو بچانا ہے اور عوام کی خوشحالی وترقی والا پاکستان بنانا ہے ، بی بی شہید کا نظریہ ملک کے پسے ہوئے طبقات کی ترقی ہے ، غریب عوام کے ساتھ مل کر طبقاتی نظام کو شکست دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے لیاری میں کارکنوں اور ووٹروں سے ملاقات کی ۔بلاول بھٹو زرداری کی لیاری آمد پر جیالوں نے شاندار استقبال کیا۔ ”وزیراعظم بلاول“کے نعرے بھی لگائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے مصافحہ کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے ہولوگرام کے ذریعے سیہون شریف میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے سندھ میں ترقیاتی کام کئے، سندھ میں دل کے آٹھ بڑے ہسپتال بنائے، سندھ میں پانی کے مسئلے پر آواز اٹھائی، مسلم لیگ ن نے سندھ میں پانی کیلئے کچھ نہیں کیا، کراچی میں پانی کیلئے کے فور ایس تھری منصوبے پر کام کیا، تھر بدلے گا تو پورا پاکستان بدلے گا، عوام کے مسائل خود حل کروں گا، مخالفین پی پی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، سب جماعتیں ملکر پی پی کا مقابلہ کررہی ہیں، تمام سیاسی یتیم اکٹھے ہوگئے ہیں، جی ڈی اے کو سندھ کے عوام شکست دیں گے، اقتدار میں آکر کسانوں کو کسان کارڈ دیں گے۔ سندھ میں امن بحال ہوگیا جس کا سہرا پی پی کے سر ہے۔ پی پی نے سندھ کو وفاق سے جوڑا ہے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق بلاول بھٹو نے لیاری میں گزشتہ دنوں گڈانی کے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 6 شہریوں کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا۔ مزید براں انہوں نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا نگران حکومت اس طرح کے اقدامات سے اجتناب برتے۔بلاول بھٹو نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان اپنی خیر منائیں، ٹکٹوں کی فروخت کا بڑا سکینڈل سامنے آنے والا ہے۔ عمران خان نوازشریف کی توسیع اور سیاسی جانشین ہیں۔ عمران خان خیبر پی کے کے عوام آپ سے حساب مانگ رہے ہیں۔ سب سے پہلے انہیں جواب دیں، کرپشن کی دولت پر چلنے والے آج کرپشن پر بھاشن دے رہے ہیں۔ خیبر پی کے میں احتساب کے ادارے کو ختم کرنے والا کس منہ سے کرپشن پر بات کر رہا ہے۔ عمران خان بتائیں خیبر پی کے میں احتساب کا نظام کیوں بننے نہ دیا۔
زرداری/بلاول