مقبوضہ کشمیر : 5 شہدا سپردخاک‘ ایک اور نعش برآمد مظاہرے‘ جھڑپوں میں کئی زخمی
سرینگر(اے این این +کے پی آئی) پلوامہ اور کپواڑہ میں مارے گئے پانچ شہداءسپرد خاک،ایک اور نعش برآمد،وادی میں احتجاج،جھڑپوں میں متعد افرادد زخمی ہو گئے۔ تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے محلہ چاٹ پورہ میں بھارتی فورسز نے ایک نویں جماعت کے طالب علم سمیت چار نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا ۔ بھارتی فورسز کے ساتھ مبینہ جھڑپ میں مارے جانے والے نوجوانوں کی شناخت فر دوس احمد ،سجاد احمد ‘ بلال احمد کے طور پرہوئی ۔اس دوران چاٹ پورہ اور ملحقہ بستیوں سے نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا ۔وادی میں احتجاج اور ہڑتال کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔کاروباری مراکز،تجارتی ادارے،دکانیں اور بازار بند رہے ،سڑکوں سے ٹریفک غائب رہی ۔وادی میں پہلے سے معطل انٹر نیٹ اور موبائل سروس بحال نہ ہو سکی جبکہ ریل سروس بھی معطل رہی ۔دریں اثناءبھارتی فوج کے ہاتھوں کپواڑہ کے کرالہ پورہ چہامہ علاقے میں شہید ہونے والے نوجوان کو بغیر شناخت کے گانٹہ مولہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا جہاں پہلے سے ہی 200سے زائد شہداءمدفون ہیں ۔نوجوان کی میت بھارتی فوج نے پولیس کے سپرد کی جس کی مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر تدفین کی گئی۔دریں اثناءلشکر طیبہ جموں وکشمیر چیف محمودشاہ نے چاٹہ پورہ پلوامہ میں لشکر کمانڈر فردوس احمد ،سجاد احمد ، بلال احمد ایک معصوم شہری کو دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی طرف سے ریاست جموں کشمیر میں تحریک حقِ خودارادیت سے وابستہ رہنماﺅں اور اراکین کے خلاف درج کرکے انہیں جیلوں کے اندر طویل عرصے تک پابند سلاسل کئے جانے کی آمرانہ اور سامراجی کارروائیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان مذموم حربوں سے حریت پسندوں کے بلند عزائم میں کوئی کمزوری آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی کارروائیوں کے حوالے سے دروغ گوئی سے کام لیتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں فوج کا ہدف عسکریت پسندی کا خاتمہ ہے،ہماری کارروائیاں عوام دوست ہیں ۔ جنگجو مخالف آپریشن کامقصدعام شہریوں کوتکلیف دینانہیں ۔ انہوں نے فوج وفورسز پرسفاکیت کے الزامات کوگمراہ کن قراردیا۔آن لائن کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہو نیواے 5کشمیری نوجوانوں کے جنازے میں شریک لوگوں نے پاکستان کے جھنڈے لہرا دیئے۔ جنازے میں شریک لوگوں نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔
کشمیر