پی پی 253: ایم ایم اے اور جی ڈی اے میں پہلی سیٹ ایڈجسٹمنٹ، قاری سیف دستبرد
بہاولپور (آئی این پی) مذہبی جماعتوں کے اتحاد (ایم ایم اے) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے درمیان صوبہ پنجاب میں پہلی انتخابی سیٹ ایڈجسٹمنٹ طے پاگئی جس کے تحت پنجاب اسمبلی کی حلقہ پی پی 253 کی نشست پر ایم ایم اے کے نامزد امیدوار قاری سیف الرحمن راشدی جی ڈی اے کے نامزد امیدوار حسین علی درانی کے حق میں دستبردار ہو گئے۔ ہفتہ کو ایم ایم اے پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور جمعیت علمائ اسلام (ف) کے صوبائی سیکرٹری جنرل مفتی محمد مظہر اسدی شاہ نے سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی، حسین علی درانی اور ایم ایم اے اور جی ڈی اے کے دیگر راہنمائوںاور کارکنوں کی موجودگی میں یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور جی ڈی اے کے سربراہ پیرپگاڑا پیر صبغت اللہ شاہ راشدی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ایم ایم اے اور جی ڈی اے میں انتخابی اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کارکناں اور حامیوں کو ہدایت کی کہ وہ اس حلقہ میں مل کر بھرپور انتخابی مہم کے لئے میدان میں اتریں۔ مولانا فضل الرحمن نے ایم ایم اے کے کارکنان اور حامیوں سے کہاکہ وہ حسین علی درانی کو انتخاب میں فتح دلا کر اسلامی روایات اور اسلامی ذہن رکھنے والی قوتوں کے ہاتھ مضبوط کریں۔