• news

خالد خاکوانی کی یوسف رضا کے ہاتھ پر بیعت‘ آزاد الیکشن لڑنے کا امکا ن

ملتان (سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے سٹی صدر ڈاکٹر خالد خاکوانی نے مخدوم شاہ محمود قریشی سے بیعت توڑ کر سید یوسف رضا گیلانی کے ہاتھ پر بیعت کرلی این اے 155سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا امکان، مٹکے کا نشان الاٹ ہو گیا ڈاکٹر خالد خاکوانی نے این اے 156اور پی پی 216سے ریٹائرمنٹ لیتے ہو ئے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے اور این اے 155پر تحریک انصاف کے امیدوار ملک عامر ڈوگر اور (ن) لیگ کے امیدوار شیخ طارق رشید کے سامنے ڈٹ گئے۔ توقع ہے کہ پیپلز پارٹی ڈاکٹر خالد خاکوانی کو این اے 155میں سپورٹ کرے گی جبکہ وہ آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے البتہ یہ کہا جارہا ہے کہ ان کے دونوں صوبائی ونگ آزاد نہیں ہوں گے اور وہ تیر کے نشان پر الیکشن لڑیں گے واضح رہے کہ دو روز قبل ڈاکٹر خالد خاکوانی تحریک انصاف کی ٹکٹ نہ ملنے پر مایوس تھے اور انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا نہ صرف فیصلہ کیا بلکہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی تیاریاں بھی مکمل کر لی تھیں کہ رات گئے شاہ محمود قریشی اور ملک عامر ڈوگر نے ڈاکٹر خالد خاکوانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں پی ٹی آئی میں رہنے پر آمادہ کیا ۔گذشتہ روز جب کاغذات نامزدگی واپس لینے کا مرحلہ آیا تو انہوں نے کاغذات نامزدگی واپس نہ لئے اور ہفتے کے روز ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہو کر این اے 155سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا عندیہ دیا ریٹرننگ افسر نے انہیں مٹکے کا نشان الاٹ کیا ادھرگذشتہ روز ڈاکٹر خالد خاکوانی نے گیلانی ہائوس میں سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور ان سے این اے 155کے بارے میں تبادلہ خیال کیا زرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے انہیں پارٹی ٹکٹ کی پیشکش کی لیکن ڈاکٹر خالد خاکوانی نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا کہا۔ دوسری طرف تحریک انصاف شعبہ خواتین کی سٹی صدر قربان فاطمہ کا کہنا ہے کہ ہر امیدوار کو ریٹائر ہونے کا وقت دیا جاتا ہے ہماری کوشش ہے کہ ڈاکٹر خالد خاکوانی آئندہ تین چار روز میں ریٹائرمنٹ کا حتمی فیصلہ کریں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن