سابق ایم این اے انعام اللہ نیازی کا الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ، مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی بھرپور حمایت، انتخابی مہم چلانے کا اعلان
میانوالی(صباح نیوز) سابق ایم این اے انعام اللہ نیازی نے الیکشن نہ لڑنے اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرنے کا اعلان کر دیا اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے انعام اللہ خان نے کہا کہ میں اپنے مرکزی قائدین کے حکم کا پابند ہوں‘ میاں صاحب نے مسلم لیگ ن کی ٹکٹوں کے بارے میں مشورہ دینے کو کہا تو میں نے انہیں کہا جو فیصلہ آپ کریں گے مجھے منظور ہے‘ انہوں نے حمیر حیات خان روکھڑی کو این اے96کا ٹکٹ دینے کا ارادہ ظاہر کیاتو میں نے اتفاق کرتے ہوئے انہیں کہا کہ پانچ منٹ بھی دیر نہ کریں اور فیصلہ کرلیا کہ میں میانوالی کے این اے96پی پی 87او پی پی 88کے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈرز کی نہ صرف بھرپور حمایت کروں گا بلکہ ان کی الیکشن کمپین بھی خود چلاؤں گا‘ اس موقع پر این اے 96کے ٹکٹ ہولڈ رامیدوارحمیر حیات خان روکھڑی‘ پی پی87کے امیدوار ٹکٹ ہولڈر علی حیدر نور نیازی اور پی پی 88کے امیدوار ٹکٹ ہولڈر ن لیگ ملک محمد فیروز جوئیہ بھی موجود تھے جبکہ ضلع بھر کے صحافیوںکے علاوہ پاکستان مسلم لیگ ن کے عہدیداروں اور کثیر تعداد میں ورکروں نے بھی پریس کانفرنس میں شرکت کی جن کی شمولیت پر انعام اللہ نیازی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا مشن اسرائیلیوں یہودیوں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سینہ سپر ہونا ہے ن لیگ کے کارکن آئندہ الیکشن میں اپنا کردارادا کرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں چند ماہ کی شمولیت میرے لئے گھناؤنے خواب کی مانندہے‘ عمران خان سن لو ‘ قوم کی نمائندگی کرنے نکلے ہو تو قوم کو ہر بات کا جواب بھی دینا ہوگا۔ عمران خان کی اپنی این اے 95کی سیٹ بھی خطرے میں ہے ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ اگر این اے 95کیلئے ن لیگ کا امیدوار عبید اللہ خان شادی خیل حکم کرتے تو وہ ان کی انتخابی مہم چلانے کیلئے حاضر ہے۔