• news

قرضوں سے نجات کیلئے متروکہ وقف املاک کی شفاف نیلامی کی جائے سرپرست ہندو کونسل کا چیف جسٹس کو خط

اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ملک کو بھاری قرضوں سے نجات دلانے کیلئے متروکہ وقف املاک کی جائیداد کی شفاف نیلامی کی تجویز پیش کردی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کے نام کھلے خط میں ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا آزادی کے بعد سے ہندو برادری کی جائیداد کی رکھوالی محکمہ اوقاف کے سپرد ہے، اعلیٰ عدلیہ محکمہ اوقاف کو پابند کرے کہ وہ متروکہ وقف املاک کے تحت جتنی بھی جائیداد ہے، اسکی تفصیلات جاری کرے، شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے لسٹ ویب سائٹ اور میڈیا کو جاری کی جائے، محکمہ اوقاف کی موجودہ تمام لیز کو منسوخ کرکے ہندو چیئرمین کی نگرانی میں اوپن نیلامی کا طریقہ کار اختیار کیا جائے،انہوں نے افسوس کا اظہار کیا بھارت کے برعکس پاکستان میں آج تک کسی ہندو کو محکمہ اوقاف کا سربراہ نہیں لگایا جاسکا، انہوں نے پیشکش کی اوقاف کی جائیداد سے حاصل ہونے والی رقم کا پچاس فیصد ہندو کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور باقی پچاس فیصد پاکستان کے ذمے بیرونی قرضے اتارنے کیلئے استعمال کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن