• news

نئی قیادت ہی ملک کو نیا نظام دے سکتی ہے: حامد رضا

لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مجھے صاحبزادہ فضل کریم کا بیٹا ہونے پر فخر ہے۔پاکستان کو ضمیر فروش نہیں سرفروش قیادت کی ضرورت ہے۔ 25 جولائی کو نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست دفن ہو جائے گی۔ میرے مد مقابل امیدوار لیڈر نہیں ٹریڈر ہیں۔ نئی قیادت ہی ملک کو نیا نظام دے سکتی ہے۔ ہمارے کارکنان سیاسی قارونوں اور فرعونوں کے بت پاش پاش کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ میرے حلقے کے غریب مزدور محنت کش اور مڈل کلاس کے نوجوان میری طاقت ہیں۔ میں اسمبلی میں پہنچ کر اپنے حلقے کی عوام کی ترجمانی کا حق ادا کروں گا۔ میری سیاست تجارت نہیں خدمت کے لئے ہے۔ ساری جماعتیں اقتدار میں آ کر منشور بھول کر لوٹ مار میں مصروف ہو جاتی ہیں۔ الیکشن میں قبضے والے نہیں جذبے والے جیتیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے این اے 110 میں انفرادی ملاقاتوں کے دوران ووٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملک کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے لئے دیانتدار اور باصلاحیت نمائندوں کا اسمبلیوں میں پہنچنا ضروری ہے۔ ظلم کی طویل سیاہ رات ختم کر کے دم لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن