• news

اساتذہ کرام نئی نسل کو عشق رسولؐ کا درس دیں: خوشنود علی خان

لاہور (خصوصی رپورٹر)طلبہ تعلیم پر پوری توجہ دیں، ماں باپ کا کہنا مانیں اور اساتذہ کا ادب کریں۔ نئی نسلوں کی تعلیم و تربیت پر بطور خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔ اساتذۂ کرام نئی نسلوں کو عشق رسولؐ کا درس دیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز صحافی ودانشور خوشنود علی خان نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے نویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف ماہر قانون اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پیر سید کلیم احمد خورشید ، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا ماٹو ’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔ پروگرام کے آغاز پر طلبا و طالبات نے تلاوت کلامِ پاک‘ ہدیۂ نعت اور قومی ترانہ پیش کیا۔ خوشنود علی خان نے کہا کہ ہمیں اپنے مسلمان اور پاکستانی ہونے پر فخر ہونا چاہئے۔ ہمارے آباواجداد نے یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا ، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے۔ بڑے ہو کر آپ کو آزادی کا صحیح مطلب سمجھ میں آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن